چیٸرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ہم وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کر کے منفی تاثر نہیں دینا چاہتے۔
تفصیلات کے مطابق جہانگیر خان ترین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہی آٸی پی پی وجود میں آٸی ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر ملکی مفادات پارٹی مفادات سے زیادہ عزیز ہیں، ملک میں سیاسی استحکام کے لیے متحد ہونے کا پیغام دینا چاہتے ہیں، آٸی ایم ایف سے معاہدہ ابھی زیر تکمیل ہے، اس وقت ملک کو استحکام کی اشد ضرورت ہے، ان حالات میں وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کر کے منفی تاثر نہیں دینا چاہتے۔
جہانگیر خان ترین نے کہا کہ عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال وفاقی وزیر اور بدستور وفاقی کابینہ کا حصہ رہیں گے، آٸی ایم ایف ملک میں سیاسی و معاشی استحکام دیکھنا چاہتا ہے، استحکام پاکستان پارٹی سیاسی استحکام پر یقین رکھتی ہے اور ایک ذمہ دار پارٹی ہے، حکومت کی مدت مکمل ہونے تک دونون وزرا وفاقی کابینہ کا حصہ رہیں گے، سیاسی استحکام معاشی استحکام سے جڑا ہے، آنے والے انتخابات میں سیاسی فیصلے اس وقت کی صورت حال کے مطابق کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی سیاست کا محور و مرکز ملک میں سیاسی و معاشی استحکام لانا ہے، آٸی پی پی کا وجود پاکستان کی سلامتی کے ساتھ جڑا ہے، ملکی سلامتی اور استحکام سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، پہلی ترجیح مستحکم پاکستان ہے۔



















