Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نئی سیاسی گہماگہمی؛ پرویز خٹک بڑا اعلان کرنے کیلئے تیار

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما و سابق وزیر دفاع  پرویز خٹک کی جانب سے نئی پارٹی کے نام اور جھنڈے کے انتخاب کے حوالے سے  نئی سیاسی گہماگہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی جانب سے ممکنہ طور پر نئی پارٹی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں تاہم پرویز خٹک بڑا اعلان کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے آج نئی پارٹی کا اعلان کیا جاسکتا ہے تاہم اس سلسلے میں  سابق ایم پی ایز و ایم این ایز کو پارٹی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دے دی گئی ہے جبکہ روپوش ہونے والے سابق اراکین کی بھی ممکنہ طور پر شرکت کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی میں شمولیت کے لیے 50 ارکان سے رابطے کیے گئے ہیں جبکہ پارٹی کی پہلی میٹنگ پشاور کے قریب مقامی شادی ہال میں ہوگی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پشاور میں مقررہ مقام پر سابق اراکین کی آمد 12 بجے تک متوقع ہے تاہم اجلاس کے حوالے سے میڈیا کو کوریج کے لئے نہیں بلایا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعلیٰ و سابق صوبائی صدر پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے فارغ کردیا تھا جس کے بعد پرویز خٹک نے اپنی نئی جماعت بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں