مسلم لیگ ن کی عام انتخابات میں حکمت عملی پر پارٹی کی اندرونی مشاورت مکمل ہوگئی ہے، پارٹی رہنماؤں کی تجاویز قیادت کو پہنچا دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن نے کسی جماعت سے اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم الیکشن میں ٹکٹ کے لیے پہلی ترجیح ن لیگ کے وفادار ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق الیکٹیبلز، تحریک انصاف کا مقابلہ کرنے والے تجربہ کار اور نوجوان اراکین کو بھی ٹکٹس ملیں گے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی، ق لیگ، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نواز شریف کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے کسی بھی جماعت کو مخصوص تعداد میں نشستوں کی پیش کش نہ کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کے پی کے میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کیے جائیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ن لیگ کا سندھ میں جی ڈی اے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی غور جاری ہے تاہم لیگی قیادت سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے پیر پگاڑا سے رابطہ کرے گی۔



















