گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے وفد کی سربراہ ڈاکٹر کرسٹوفر ایلس کی قیادت میں ملاقات ہوئی ہے۔
محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے، صوبہ پنجاب میں نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور محکمہ صحت کی ٹیم کی پولیو کے خاتمے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پولیو ورکرز جن میں بڑی تعداد میں خواتین شامل ہیں انسداد پولیو کے لیے قابل ستائش خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مدد دینے پر گیٹس فاونڈیشن ، یونیسیف، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور روٹری انٹرنیشنل سمیت تمام گلوبل پارٹنرز کے مشکور ہیں۔
محمد بلیغ الرحمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم، 2018 کے بعد لاٹ سیمپلنگ رزلٹ میں خرابی باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری نئی نسل کو صحت مند اور محفوظ مستقبل دینے لیے ناگزیر ہے، ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم حکومت قابل ٹیم کے ساتھ بہتری کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے وفد کی سربراہ ڈاکٹر کرسٹوفر ایلس کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کے پولیو کے خاتمے کے عزم اور کوششوں کو سراہتے ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ پنجاب علی جان، یونیسف اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔



















