Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب : جیلوں میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی جانب سے تمام سپرٹینڈنٹ جیلز کو محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

محرم الحرام کے انتظامات کے پیش نظر تمام جیل افسران ، میڈیکل و پیرامیڈیکل سٹاف کی منظور شدہ چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ تمام جیل افسران کو صبح سے شام تک اپنے دفاتر اور جیل احاطے میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دو جیل افسران اندرون جیل موجود رہیں گے، ایک جیل افسر اہل تشیع اسیران کی مجلس والی جگہ پر موجود رہے گا اور وائرلیس کے ذریعے جیل انتظامیہ کے رابطے میں رہے گا۔ ڈے ڈیوٹی افسر اور لائن افسر ایڈمنسٹریٹو بلاک میں موجود رہیں گے۔

پنجاب کی تمام جیلوں میں محرم الحرام کے دنوں میں 14 اہلکاران اور 01 افسر پر مشتمل زیزرو فورس تشکیل دی جائے گی جسے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سپرٹینڈنٹ جیل حکمت عملی کے ساتھ استعمال میں لائیں گے۔

تمام سپرٹینڈنٹ جیلز کو اپنے متعلقہ ریجنل ڈی آئی جی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بروقت اطلاع دی جا سکے۔

میڈیکل و پیرامیڈیکل سٹاف اہل تشیع اسیران کی مجالس کے لئے میڈیکل سہولیات کا مناسب بندوبست رکھیں گے۔ڈپٹی سپرٹینڈنٹ جیل ایگزیکٹو اور اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ جیل چکر اہل تشیع کی مجالس کے ساتھ موجود رہیں گے۔

ہر قسم کا سامان سکیننگ کے بعد جیل کے اندر بھیجا جائے۔سکیننگ مشین کی عدم موجودگی کی صورت میں تلاشی کا مناسب بندوبست کیا جائے۔

اہل تشیع اسیران کی مجالس کے انعقاد کے لئے اہل تشیع اسیران کو علیحدہ بارکوں میں رکھا جائے اور اس عمل کو یقینی بنایا جائے کہ کسی اور مسلک یا مذہب سے تعلق رکھنے والا کوئی فرد ان میں شامل نہ ہو۔ اہل تشیع اسیران کی مجالس کے لئے نوحہ خواں اور ذاکر کا انتظام جیل کے اندر سے ہی کیا جائے گا۔

تمام جیل افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام اسیران کو بھی پابند کیا جائے کہ وہ کسی مسلک یا مذہب کے خلاف نعرے بازی سے گریز کریں۔

علاوہ ازیں ریجنل ڈی آئی جیز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ مل کر محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اپنی متعلقہ جیلوں میں مناسب لائحہ عمل تشکیل دیں۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال کی اطلاع ملنے پر بذات خود موقع پر پہنچیں اور صورتحال پر قابو پانے کے لئے مناسب حکمت عملی تشکیل دیں۔

تمام ریجنل ڈی آئی جیز اور سپرنٹینڈنٹ جیلز مناسب حکمت عملی تشکیل دے کر رپورٹ جناب انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کو محرم الحرام کے آغاز سے تین روز قبل ارسال کریں گے۔اس کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ صدر دفتر ارسال کی جائے گی۔

جناب انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی عدم تعمیل یا تعمیل میں کوتاہی کی صورت میں متعلقہ جیل افسران کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں