وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی جانب سے تربیت حاصل کرنے والے یہ اہلکار ملک کے فضائی دفاع اور قومی سلامتی کے بدلتے چیلنجوں سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات ہوئی جس میں بین الاقوامی معاشی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے معیشت کو ترقی اور استحکام کی جانب گامزن کرنے کے لیے حکومت کی عملی پالیسیوں اور اقدامات کی تعریف کی گئی۔
ایئر چیف مارشل نے پاک فضائیہ کو جدت سے استوار کرنے اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری مختلف منصوبوں کا تذکرہ کیا جبکہ سربراہ پاک فضائیہ نے وزیر خزانہ کو پاک فضائیہ کے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا۔
ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ سے ایوی ایشن، اسپیس، آئی ٹی، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق، ترقی اور اختراع کو فروغ ملے گا۔
سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان کے لیے اقتصادی، تکنیکی اور سائنسی فوائد کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔
ملاقات میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور کہا کہ حکومت پاکستان، پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کو ایک خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم ملک بنانے کی غرض سے حکومت پاکستان کی جانب سے نافذ کی جانے والی اقتصادی پالیسیوں اور وسیع منصوبوں کا ذکر کیا جبکہ وزیر خزانہ نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے بہترین صلاحیتوں سے لیس اور ہنرمند فضائی اہلکاروں کی تیاری و تربیت پر سربراہ پاک فضائیہ کی تعریف گئی اور کہا گیا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے تربیت حاصل کرنے والے یہ اہلکار ملک کے فضائی دفاع اور قومی سلامتی کے بدلتے چیلنجوں سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔



















