وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین نے کل پھر 600 ملین ڈالرز پاکستان کو دیے ہیں، دوست ممالک کے تعاون سے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے۔
وزیر اعظم نے اسلام آباد میں یوتھ اسپورٹس انیشی ایٹیو کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 ارب کے فنڈز کا احسان مزاری نے اعلان کیا، اس فنڈز سے کھلاڑیوں کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گولڈ اور سلور میڈل جیتنا کوئی معمولی بات نہیں، کھلاڑیوں نے قلیل وسائل کے باوجود دنیا میں ملک کا نام روشن کیا، آپ لوگ پوری قوم کی طرف سے خراج تحسین کے حقدار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے پہاڑوں سے لے کر تھر کے صحراؤں تک ہمارا پورا ملک خواہشمند، باصلاحیت نوجوانوں سے بھرا ہوا ہے جنہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت ثابت کرنے کے لیے ہمارے تعاون کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے بچے ہمارا فخر ہیں کیونکہ انہوں نے کم وسائل کے باوجود اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے اور قوم کے لیے اعزازات حاصل کیے ہیں، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے لیے وزیر اعظم کے اقدام کے تحت مختص کیے گئے 6 ارب روپے درحقیقت درکار سمندر میں صرف ایک قطرہ ہے، لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ بجٹ آپ کے سفری اخراجات، کٹس اور رہائش اور بورڈنگ کو پورا کرے گا تاکہ ہمارے کھلاڑی آسانی اور آرام سے سفر کر سکیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں کھیلوں کی ترقی اور نوجوانوں کو عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے آج اسلام آباد میں پرائم منسٹر یوتھ سپورٹس انیشیٹو کا آغاز کیا۔
اس اقدام کے تحت وزیر اعظم نے کھیلوں کی ترقی کے لیے اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا آغاز کیا جس کا مقصد بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنا اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔



















