Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت قومی اسمبلی کب تحلیل کریگی؟ معاملات طے پا گئے

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان قومی اسمبلی معینہ آئینی مدت سے پانچ روز قبل تحلیل کرنے پر اتفاق ہوا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی آٹھ اگست کو تحلیل کر دی جائے گی جبکہ صدر مملکت کے پاس اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کے لیے اڑتالیس گھنٹے کا وقت ہوگا۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے دستختط نہ کیے تو اسمبلی سمری بھجوانے کے 48 گھنٹے بعد خود بخود تحلیل ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی اور قانونی ماہرین نے بھی آٹھ اگست کو اسمبلی کی تحلیل کی تجویز دی تھی۔

سندھ اسمبلی کب تحلیل ہوگی؟

دوسری جانب سندھ اسمبلی کو بھی وقت سے پہلے تحلیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، سندھ اسمبلی کو 7 یا 8 اگست کو تحلیل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پارٹی قیادت سے مشاورت کرلی ہے، اراکین سندھ کابینہ کو 6 اگست تک افتتاحی تقاریب مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے اراکین سندھ کابینہ اور اسمبلی انتظامیہ کو بتا دیا ہے کہ  سندھ اسمبلی سات یا آٹھ اگست کو تحلیل کی جائی گی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی تحلیل ہونے سے دو دن قبل سندھ کابینہ کے میمبرز کی الوداعی تقریب منعقد کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں