وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذر بائیجان کے روابط میں استحکام سے خطے میں ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کی آذر بائیجان کے وزیرِ برائے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ رشد نبیایو سے وزارت مواصلات میں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے آنے والے وفد کے ارکان کو خوش آمدید کہا جبکہ ملاقات میں حکومتی ،کاروباری اور عوامی سطح پر دو طرفہ رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اسعد محمود نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت کے لیگل فریم ورک کے لئے جوائنٹ ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے، بلوچستان سے تافتان تک روڈ نیٹ ورک بچھایا ہے جس سے براستہ آذربائجان یورپ کی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے مواصلات اسعد محمود نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے روابط میں استحکام سے خطے میں ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی جبکہ وزیر رشد کی پاکستان آمد سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔
ملاقات میں آذر بائیجان کے وزیرِ کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے مابین مضبوط تعلقات کے لئے بین الوزارتی تعلقات اہم حیثیت رکھتے ہیں، آذربائجان نے اپنے روڈ انفراسٹرکچر ، ریلوے اور ہوائی اڈوں میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے جس کا فائدہ ہمسایہ ممالک کو اٹھانا چاہیے۔
آذر بائیجان کے وزیرِ برائے ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ رشد نبیایو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مشرقی یورپ تک رسائی کے لئے آذر بائیجان کو ٹرانزٹ روٹ کے طور پر استعمال کر سکتا ہے، ہم گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی چاہتے ہیں۔



















