نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں آٹا اور چینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے سپیشل برانچ کو مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں تفویض کر دیں۔
اجلاس میں آٹا اور چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گندم اور چینی کے وافر سٹاک موجود ہیں۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ آٹا اور چینی کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت قابل قبول نہیں، اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرکے صارفین کو لوٹنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ مؤثر انتظامی اقدامات کے ذریعے آٹا اور چینی کی قیمتوں میں استحکام لایا جائے جبکہ اشیاء کی قیمتوں کیساتھ انکی طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔
چیف سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کیلئے سپیشل برانچ انتظامیہ کو معاونت فراہم کریگی۔
اجلاس میں صنعت اور خزانہ کے محکموں کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔



















