نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں سیلاب کی تازہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے جانے کے حوالے سے تیاریوں اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹر ی آبپاشی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دریائے راوی اورستلج پر بھارت کے بنائے دونوں ڈیم میں پانی کی سطح بلند،راوی پر بنایاگیا ڈیم90فیصدجبکہ ستلج پر بنایاگیا ڈیم 70 فیصد بھر گیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محسن نقوی نے تمام کمشنرز کو ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی انتظامات کا حکم دیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے دریائے راوی اور ستلج کے بیڈ کے اندر موجود آبادیوں کے انخلاء کے لئے پلان تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ دریاؤں کے بیڈ کے اندر موجود گاؤں کے لوگوں کی حفاظت کیلئے تمام پیشگی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے، آبادیوں کے انخلاء کے حوالے سے کوئی کوتاہی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کمشنر لاہور اوردیگر ڈویژنل کمشنر ایمرجنسی کی صورت میں وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں جبکہ انتظامیہ کھانے پینے اورمیڈیکل کی سہولتیں پہنچانے کیلئے موبائل ٹیمیں تشکیل دے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دریاوں میں پانی کی صورتحال کو ہمہ وقت مانیٹر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی کی آمد کے بارے میں متعلقہ اداروں کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جائے۔
صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور متعلقہ حکام نے صوبائی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی۔



















