پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کل الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے، اس حوالے سے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کل الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے آئی جی اسلام آباد سے کل سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن حکام نے سیکیورٹی انتظامات کیلئے آئی جی اسلام آباد کو خط لکھ دیا ہے۔
الیکشن کمیشن خط میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی توہین الیکشن کمیشن کیس میں کل الیکشن کمیشن پیش ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی پر ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں اور ان کی پیشی کے موقع پر غیر متعلقہ افراد کے الیکشن کمیشن داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے پولیس کے ساتھ رینجرز اور ایف سی اہلکاروں کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کل صبح 10 بجے توہین الیکشن کمیشن کیسز کی سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کل چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔



















