Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اب پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ اب پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی چیئرمین پاکستان بزنس کونسل محمد اورنگزیب کی قیادت میں پی بی سی کے وفد سے ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اتحادی حکومت کی کوششوں سے پاکستان کو درپیش دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل گیا، اتحادی حکومت میں شامل تمام پارٹیوں نے حکومت کے ہر فیصلے میں تعاون کیا جو لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کی سہولت اور کاروبار دوست پالیسیوں سے ملک کی معیشت کی بحالی میں سر گرمِ عمل ہے، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہونا ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔

وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ اب پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، ہم معاشی بحالی، بین الاقوامی شراکت داروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے اعتماد کی بحالی کے موقع کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، کاروباری برادری نہ صرف ملک میں روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے بلکہ ملکی برآمدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے حصول کا ذریعہ بنتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان بزنس کونسل کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان میں تاجر برادری ہمیشہ ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاون رہی ہے۔

ملاقات میں پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے پاکستان کی معاشی بحالی خصوصاً گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے کے دوران وفاقی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

چیئرمین پاکستان بزنس کونسل محمد اورنگزیب نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومتی معاشی ٹیم کی آئی ایم ایف کے ساتھ حکومت کے کامیاب معاہدے کیلئے کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا جبکہ وفد نے پاکستان میں کاروباری برادری کیلئے ہمیشہ وقت نکالنے اور ان کی تجاویز کو حکومتی پالیسی کا حصہ بنانے پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزراء مریم اورنگزیب، انجینئر خرم دستگیر، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، گورنر اسٹیٹ بینک، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اراکین پارلیمنٹ اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں