Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی کن ممالک میں ویزا کے بغیر جاسکتے ہیں؟

ہینلے اینڈ پارٹنرز کمپنی نے پاسپورٹس کی عالمی درجہ بندی کی فہرست جاری کر دی ہے۔

 جاری کردہ فہرست کے مطابق یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ مسلسل تیسرے سال پاکستان کا پاسپورٹ دنیا کا چوتھا بدترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستانی پاسپورٹ سے پیچھے بالترتیب شام، عراق اور افغانستان ہیں۔ دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ سنگاپور کا ہے جس کے شہری 192ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔

 دوسرے نمبر پر جرمنی، اٹلی اور اسپین کے پاسپورٹ ہیں، جن کے شہری 190ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں۔

گزشتہ برس اس فہرست میں جاپان پہلے نمبر پر تھا جو اب تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ جاپان اس سے قبل مسلسل پانچ برس تک دنیا کا سب سے طاقتور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا تھا۔

 دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں جاپان کے ساتھ تیسرے نمبر پر آسٹریا، فن لینڈ، فرانس، لیگزمبرگ، جنوبی کوریا اور سویڈن موجود ہیں جن کے شہری 189 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔

ہینلے کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ڈنمارک، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور یونائیٹڈ کنگڈکے پاسپورٹ ہیں جن کے شہری 188ممالک میں ویزا فری سفر سکتے ہیں۔

 پانچویں نمبر پر بلجیم، چیک ری پبلک، مالٹا، نیوزی لینڈ، ناروے، پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹ ہیں جن کے شہری 187ممالک میں ویزا کے بغیر جا سکتے ہیں۔

چھٹے نمبر پر آسٹریلیا ، ہنگری اور پولینڈ کے پاسپورٹ 186ممالک میں ویزا فری انٹری کے ساتھ موجود ہیں۔

ساتویں نمبر پر 185ممالک میں ویزا فری انٹری کے ساتھ کینیڈا اور گریس کے پاسپورٹ موجود ہیں۔

اس فہرست میں امریکی پاسپورٹ مسلسل تنزلی کا شکار ہوتے ہوئے اب آٹھویں نمبر پر آگیا ہے اور اس کے شہری 184ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں۔ امریکا کے ساتھ لیتھونیا بھی آٹھویں نمبر پر ہے۔

نویں نمبر پر 183ممالک میں ویزا فری انٹری کے ساتھ لاٹیویا، سلواکیا اور سلووینیا موجود ہیں۔

دسویں نمبر پراستونیا اور آئس لینڈ کے پاسپورٹ ہیں جن پر 182ممالک میں ویزا فری جایا جا سکتا ہے۔

پاکستانی پاسپورٹ کا موازنہ پڑوسی ملک بھارت اور رواں برس دیوالیہ ہونے والے سری لنکا سے کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ بھارت کا پاسپورٹ فہرست میں 81 ویں اور سری لنکا 96 ویں نمبر پر ہے۔

 بھارتی شہری 57 اور سری لنکن شہری 41مقامات پر ویزا کے بغیر جاسکتے ہیں۔ پاکستانی شہری جن ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں، وہ ممالک دارصل پاکستانی شہریوں کو آن ارائیول یعنی وہاں پہنچنے پر ویزا جاری کرتے ہیں۔

تاہم ویزا جاری کرنے کی شرط یہ ہے کہ پاکستانی شہری اس ملک کے مطلوبہ ضوابط کو پورا کرتا ہو جس میں ریٹرن ٹکٹ کی موجودگی، ہوٹل بکنگ، ویکسی نیشن اور ٹریولر انشورنس شامل ہے۔

مثلاً سیاحت کے لیے مالدیپ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے میں کم از کم ایک مہینہ باقی ہو۔30 دن کے اندر اندر واپسی کا ٹکٹ موجود ہو، یا اگر وہاں سے آگے کسی اور ملک کا سفر کرنا ہے تو وہاں کا ٹکٹ موجود ہونا ضروری ہے۔

 رہائش کے لیے ہوٹل یا ریزارٹ کی جانب سے بکنگ کی تصدیق یا مالدیپ میں اخراجات پورا کرنے کے لیے کافی فنڈز کا ثبوت فراہم کرنا ضروری ہے، کم از کم 150 ڈالر یومیہ نقد یا بینک اسٹیٹمنٹ ہونا ضروری ہے۔

اسی طرح مشرقِ وسطی میں قطر بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں پاکستانی شہریت کے حامل افراد پہنچ کر ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے میں کم از کم چھ مہینے باقی ہوں۔ آپ کے پاس پولیو کارڈ، ساتھ واپسی کا ٹکٹ موجود ہو۔

آپ کے پاس قطر میں رہائش کا ثبوت یا ہوٹل کی بکنگ کی تصدیق موجود ہو۔ آپ کے بینک یا کریڈٹ کارڈ میں قطر میں رہائش اور کھانے پینے وغیرہ کے اخراجات کے لیے رقم موجود ہو۔

مالدیپ اور قطر کے علاوہ پاکستانی پاسپورٹ پر جن ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کیا جاسکتا ہے، ان میں کوک آئی لینڈز، مائیکرونیشیا، نیو، پالواآئی لینڈز، سموا، توالو، وانتوا، بارباڈوس، ڈومنیکا، ہیٹی، مونٹ سیریٹ، سینٹ ونسینٹ، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، کمبوڈیا، نیپال، سری لنکا، ٹیمور لیسٹے، برونڈی، کمورو آئی لینڈز، کیپ ورڈے آئی لینڈز، جیبوٹی، مڈاگاسکر، گنی بساؤ، موریطانیہ، موزمبیق، روانڈا، سینیگال، سے شیلز، سیرالیون، صومالیہ اور ٹوگو شامل ہیں۔

کمبوڈیامیں پاکستانی شہری زیادہ سے زیادہ 30 دن قیام کے لیے آن ارائیول ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔ترکی پاکستانیوں کو آن ارائیول ویزا فراہم نہیں کرتا ہے۔ تاہم ترکی کے لیے آن لائن ای ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ سری لنکامیںپاکستانی شہری زیادہ سے زیادہ 30 دن کے وزٹ کے لئے اپنی آمد سے قبل الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی حاصل کر سکتے ہیں۔

 بحرین میں پاکستانی شہری زیادہ سے زیادہ 14 دنوں کے قیام کے لیے آمد پر ویزا حاصل کر سکتے ہیں جبکہ ریٹرن ٹکٹ ہونا لازمی ہے۔ کینیامیں پاکستانی شہری کینیا کے وزٹ کے لئے بھی زیادہ سے زیادہ 90 دن قیام کے لیے آمد پر ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کسی بھی ملک میں جا کر ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سفر کرنے سے قبل اس ملک کے سفارت خانے کی ویب سائٹ سے ضروری کاغذات اور شرائط کے متعلق معلومات ضرور حاصل کرلیجئے گا، بصورت دیگر ایسا نہ ہو کہ آپ کو ائیرپورٹ سے ہی واپس لوٹا دیا جائے۔

گیارہوں نمبر پر یورپی ملک لیٹنسٹائن اور ملائیشیا کے پاسپورٹ ہیں جن پر 180ممالک میں ویزا فری سفر کیا جاسکتا ہے۔عرب دنیا میں متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ12 ویں نمبر پر ہے۔ امارات کے پاسپورٹ پر 227 میں سے 179 ممالک کا ویزے کے بغیر سفر کیا جا سکتا ہے۔ یو اے ای نے 2013 ء سے اب تک 107 ویزا فری ممالک کو اپنی فہرست میں شامل کیا ہے اور 10 برس میں 56 ویں سے 12 ویں پوزیشن پر پہنچا ہے۔ خلیج تعاون کونسل کے دیگر ممالک میں قطر 52ویں، کویت 54ویں، بحرین 59ویں، عمان 60ویں اور سعودی عرب 61ویں پوزیشن پر ہے۔

ہینلے کی فہرست میں 13ویں نمبر پر بلغاریہ، موناکو، رومانیا، 14ویں نمبر پر کوریشیا، 15ویں نمبر پر چلی، 16ویں نمبر پر سان مارینو، 17ویں نمبر پر انڈورا اور ہانکانگ، 18ویں نمبر پر ارجنٹائن، 19ویں نمبر پر برازیل، 20ویں نمبر پر برونائی، 21 ویں نمبر پر بارباڈوس، 22ویں نمبر پر اسرائیل اور میکسیکو، 23ویں نمبر بہاماس، 24ویں نمبر پر سے شیلز اور سینٹ کٹز اینڈ نویس، 25ویں نمبر پر سینٹ ونسینٹ اور ویٹیکن، 26ویں نمبر پر یورا گوئے، 27ویں نمبر پر کوسٹا ریکا، 28ویں نمبر پر انٹیگوا اینڈ بارباڈوا ،اور ٹرینیڈڈ اینڈ ٹوباگو، 29ویں نمبر پر موریشس اور 30ویں نمبر پر گریناڈا، سینٹ لوشیا اور یوکرین ہیں۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں