سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے حکومت کو بڑا سرپرائز دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگست کا پہلا ہفتہ ہی بہت اہم ہوگا اور سیاست کا رخ پتہ چل جائے گا، ان کی گوٹی پھنس گئی ہے اور یہ گوٹی ایسی پھنسی ہے کہ ان کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 مہینوں میں حکومت نے ایک تنکا نہیں توڑا اس آخری ہفتے میں کون سی تلواریں چلا لیں گے، بھائی کو سفارتی پاسپورٹ دلوانے کے باوجود 15 مہینے میں نہیں لا سکے اب خدا جانتا ہے نواز شریف کس حال میں اور کب آئے گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اسحاق ڈار کو جس تیزی سے لانچ کیا تھا وہ ٹریلر ہی چلا اور فلم سنسر بورڈ نے پاس نہیں کی، اب یہ پانچ آدمیوں کے نام جو دے رہے ہیں یہ نام اتنی آسانی سے سنسر بورڈ میں پاس نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ راجہ ریاض بھی اپنا کام ڈال سکتا ہے، اگست میں 85 رکنی کابینہ اور ان کے حکمران اپنے سائز اور اوقات میں آ چکے ہوں گے، ستمبر ستمگر ہوگا، سیاسی پارٹیاں جو توڑ پھوڑ کے عمل سے دوچار ہونے والی ہیں وہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکیں گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ آخری ہفتے میں شہباز شریف نے جو افتتاحوں کا جمعہ بازار لگایا ہے دن میں ایک درجن سے زائد افتتاح کر کے کارکردگی کی جو ایک فوٹو گرافی کی جا رہی ہے نہ پیسے ہیں نہ وقت ، نہ ہی لوگ بیوقوف ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اب لوگوں کو شعور آ چکا ہے ان کو پتا ہے کہ حقیقت کیا ہے اور دکھاوا کیا ہے، اب لوگ عزت نفس، اصول، سچائی اور حقیقت کو ووٹ دیں گے، چور بازاری اور دکھاوے کو کوئی ووٹ نہیں ملیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ سیاسی شکست اور سیاسی قبرستان ان کا مقدر ہوگا، عوام کو سب سمجھ ہے جو مایوسی اس پی ڈی ایم کو ملنے والی ہے اس کا اسے اندازہ ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر اللہ کو منظور ہوا اور میں زندہ رہا تو 13 اگست کی رات 10 بجے جشن آزادی لال حویلی کے باہر اسی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا اور 12 بجکر 1 منٹ پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















