وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ڈنمارک کے وزیر خارجہ کارس لوکے راسموزین سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ڈنمارک کے وزیر خارجہ کارس لوکے راسموزین نے مجھے ٹیلیفون کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈنمارک کے وزیر خارجہ سے گفتگو میں ڈنمارک اور دیگر یورپی ممالک میں توہین قرآن کے حالیہ واقعات پر انہیں ہماری شدید تشویش سے آگاہ کیا، ڈینش حکومت کی تشویش، مذمت اور مسلم دنیا سے روابط کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ڈنمارک کے وزیر خارجہ کارس لوکے راسموزین کو بتایا کہ ایسے واقعات مسلم دنیا کے جذبات بھڑکانے کا سبب بنتے ہیں اور ان پر زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری و برداشت کے کئے اقدامات اٹھائے جائیں۔



















