سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن حمزہ خان کی ملاقات ہوئی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور صدر پاکستان سکواش فیڈریشن نوجوان کھلاڑی کی شاندار کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو حمزہ خان پر فخر ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ حمزہ خان نے 36 سال بعد ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر ملک کا نام روشن کیا، حمزہ خان جیسے کھلاڑی ملک کا قیمتی اثاثہ اور قوم کے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں ایئر چیف کی جانب سے کھلاڑیوں کی منظم پروفائلنگ کے لیئے متعارف کروائے گئے طریقہ کار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس طریقہ کار سے اسکواش کے کھلاڑیوں کی جسمانی اور تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا اور منظم پروفائلنگ کے زریعے کھلاڑیوں کی نفسیاتی اور جذباتی صفات کابھی جائزہ لینا ممکن ہوگا۔
اس موقع پر ایئر چیف نے ڈائریکٹر جنرل ایڈمنسٹریشن اور حمزہ خان کو لاجسٹک اور انتظامی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن پاک فضائیہ کے زیر سایہ، سکواش کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات عمل میں لائے گی، حمزہ خان جیسے کھلاڑیوں کی بھرپور محنت اور مخلصانہ کوششوں سے پاکستان ایک بار پھر دنیائے سکواش پر راج کرے گا.
سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور کوچنگ سہولیات کی فراہمی پر کوچنگ اسٹاف کی تعریف کی گئی،
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اسکواش کے کھیل میں ملک کی کھوئی ہوئی ساکھ بہال کرنے لیئے ہر ممکن کردار ادا کرنے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کی تعریف بھی کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں حمزہ خان نے اسکواش کے کھیل کو پھر سے نئی بلندیوں پر لے جانے اور اس خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیئے پاک فضائیہ کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے تعاون کی فراہمی پر اظہارِ تشکر کیا۔
ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن حمزہ خان نے کہا کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کی جانب سے کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی ترویج و ترقی، معیاری کوچنگ کی فراہمی اور سکواش کی بہترین اکیڈمیوں کا قیام قابلِ تعریف ہے، پاک فضائیہ کے اقدامات کی بدولت اہم سنگ میل عبور کرنا ممکن ہوا۔



















