آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی منفرد اور مضبوط ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تقریب میں چین کی ناظم الامور پانگ چن شوئے، دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارتخانے کے اہلکاروں اور تینوں مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔
پی ایل اے کی سالگرہ کی تقریب کی میزبانی پر چینی ناظم الامور نے آرمی چیف سے تشکر کا اظہار کیا۔
چینی ناظم الامور کا کہنا ہے کہ موسموں کے گرم و سرد سے بے نیاز پاک چین دوستی وقت اور بین الاقوامی تبدیلیوں سے بے نیاز ہے، چین اور پاکستان نے گذشتہ ماہ سی پیک کے آغاز کی 10 سالہ تقریبات کی مشترکہ میزبانی کی۔
چین کی ناظم الامور پانگ چن شوئے کا مزید کہنا ہے کہ آرمی چیف اور دیگر عسکری قیادت نے چین کے کامیاب دورے کئے، دوروں اور مشترکہ تقریبات سے دونوں ممالک کی افواج میم تعلقات کو فروغ ملا۔
تقریب میں آرمی چیف نے پیپلز لبریشن آرمی کو مبارکباد دی جبکہ آرمی چیف نے چین کے دفاع،سلامتی اور قوم سازی میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔
تقریب میں آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک ،افواج اور عوام کے درمیان گہرے روابط کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاک چین دوستی منفرد اور مضبوط ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاک چین دوستی ہر قسم کی آزمائش پر پوری اتری ہے، مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لئے پاک چین تعلقات نمو کی راہ پر گامزن رہیں گے۔



















