اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان کی ملاقات ہوئی جس میں وزیرِ اعظم نے سے حمزہ خان کو حکومت پاکستان کی طرف سے حوصلہ افزائی کیلئے 1 کروڑ روپے کا انعامی چیک دیا۔
ملاقات کے دوران حمزہ خان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے تعاون کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے حمزہ کے والدین سے پشتو میں گفتگو بھی کی اور حمزہ خان کو حال ہی میں آسٹریلیا میں عالمی جونیئیر چیمئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور انکی کارکردگی کو سراہا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آپ جیسے باصلاحیت نوجوان ہماری قوم کا فخر اور قومی سرمایہ ہیں، پاکستان کو دہائیوں کے بعد اسکواش کا اتنا بڑا ٹائٹل جتوا کر مجھ سمیت پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسکواش ایک بہترین کھیل ہے، ماضی میں میں بھی اسکواش کھیلتا رہا ہوں، امید ہے آپ جلد ہی اپنی محنت اور لگن سے اسکواش کا سینیئر عالمی ٹائیٹل بھی جیتیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آپ پاکستان کے دیگر نوجوانوں اور کھلاڑیوں کیلئے رول ماڈل ہیں، میری ہمیشہ سے کوشش رہی کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی بین الاقوامی سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں ہم نے پاکستان بھر میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی ترقی کیلئے قومی اسپورٹس اقدامات کا اجراء کیا۔ پاکستان میں پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا قیام اور اس ملک کے لاکھوں باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی مقابلوں کیلئے تیار کرنے کی خاطر مالی اور تکنیکی سہولیات بھی اس پروگرام کا حصہ ہیں۔
ملاقات میں حمزہ خان کے والد نیاز اللہ خان اور انکی والدہ کے علاوہ وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان اللہ مزاری، نعاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ، سیکٹری بین الصوبائی رابطہ حنیف اورکزئی اور سینئر وائس پریزیڈنٹ پاکستان اسکواش فیڈریشن ایئر وائس مارشل کاظم حماد نے بھی شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















