وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ سب کیلئے قابل قبول نگران سیٹ اپ تشکیل دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں حکومت سنبھالی، ہر طرف خطرات تھے، ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا، 15 ماہ میں تمام تنقید کے باوجود ریاست کو بچایا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جو کانٹے بوئے تھے وہ ہمیں ہٹانا پڑے، اس شخص کی ضد نے ہر ادارہ اور شعبہ تباہ کر دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ملک کو بھنور سے نکالا، اتحادی حکومت کے تعاون سے ہر مشکل پر قابو پایا، آئی ایم ایف سے معاہدہ آسان نہیں تھا، یہ پل صراط بھی عبور کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئندہ چند روز میں ہماری حکومت ختم ہو جائے گی، کوشش ہے کہ سب کیلئے قابل قبول نگران سیٹ اپ تشکیل دیا جائے اور قومی اسمبلی 9 اگست کو تحلیل کردی جائے گی۔



















