امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمارے حمکرانوں کی وجہ سے عدالتی اور تعلیمی نظام تباہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرید پراچہ کی کتاب میں جن لوگوں کا ذکر ہے انہوں نے نظام کے خلاف جدوجہد کی، یہ پورا خطہ ایک عظیم خطرے سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عراق اور ایران میں ایسے تماشے دیکھے جیسے آج کل ہو رہا ہے، پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اس کو بچانے کے لئے معاف کرنے کو تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کو کوئی ایک پارٹی یا لیڈر نہیں بچا سکتے صرف اپنے نظریئے کی بنیاد پر بچ سکتا ہے، اس وقت ملک میں مسلحہ دہشت گردی ہو رہی ہے، خود کش دھماکوں میں لوگ جان سے جا رہے ہیں لیکن ہمارے حکمران تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو کہتے ہیں لشکر بناؤ اور خود محافظ بنو، مرنے اور مارنے والوں کو نہیں پتا وہ یہ کیوں کر رہے ہیں، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے، عوام ٹیکس دیتے ہیں قانون کی پاسداری بھی کرتے ہیں لیکن حکومت انہیں امن اور تحفظ فراہم نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں معاشی اور مسلحہ دہشت گردی ہو رہی ہے، ہر جائز و ناجائز طریقے سے اقتدار پر پہنچ کر ہم پر مسلط ہو جاتے ہیں، ہمارے حمکرانوں کی وجہ سے عدالتی اور تعلیمی نظام تباہ ہوگیا، سیاسی انجئیرنگ کے ذریعے تحریک انصاف کو لایا گیا پھر پی ڈی ایم کو لائے اب بھی ایسا ہی کرنے کا منصوبہ لگ رہا ہے۔



















