گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل کاروبار کے حوالے سے سرگرمیاں خوش آئند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بحریہ آڈیٹوریم میں ڈیجیٹل کاروبار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کے لئے ہمیں ڈیجیٹل دور کو اپنی زندگی میں شامل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل کاروبار کے حوالے سے سرگرمیاں اور آگاہی خوش آئند بات ہے، آنے والے برسوں میں مارکیٹنگ کی سرگرمیوں کا بیشتر حصہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں ڈھل چکا ہوگا، دنیا بھر میں ٹیکنالوجی میں اتنی تیزی سےترقی و تبدیلی ہورہی ہے کہ ہر چند ہفتوں میں نئی ٹیکنالوجی موجودہ ٹیکنالوجی کو یکسر مسترد کردیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی ضروری ہوگیا ہے ورنہ اس ڈیجیٹل انقلاب میں ہم کہیں بہت پیچھے رہے جائیں گے، دنیا بھر میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اپنے جوہر دکھا رہا ہے، ای کامرس نے آن لائن بزنس کے ذریعے آسانیاں پیداکردی ہیں، مارکیٹنگ بل بورڈ ز سے نکل کر ڈیجیٹل ہوگئی ہے،سوشل میڈیا اب مارکیٹنگ کا میدان بن گیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ علم سے بڑا کوئی ہتھیار نہیں اور اسی ہتھیار کے ذریعے ہم ترقی یافتہ قوموں میں شامل ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شرکاء میں شیلڈ بھی تقسیم کیں۔



















