سینیر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم فاروق ستار نے کہا ہے کہ مردم شماری کے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان سوسائٹی ٹاؤن کی جانب سے عشرہ آزادی کی مناسبت سے تقریب ہوئی جس میں سینیر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی ٹاؤن کے ساتھیوں کو شاندار پروگرام کی مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان بنایا تھا ہم نے اور پاکستان بچائیں گے، آزادی کا مہینہ ہے 76 یوم آزادی جلد منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک پر دو فیصد مراعات یافتہ طبقہ ہے، جس نے پاکستان بنایا تھا وہی اس ملک کی فیصلہ سازی سے باہر ہے، ہم پر امن طور پر سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ باقی سب کا وقت آیا ہے ہمارا دور آئے گا، اس وقت جو مردم شماری کے نتائج آئے ہم مطمئن نہیں ہیں، پچاس سالوں میں جو مردم شماری اس میں ہمیشہ آبادی کو کم گنا گیا، اس مردم شماری میں 70 لاکھ لوگوں کو بازیاب کروایا ہے، 2 کروڑ 5 لاکھ کی آبادی پر بات پہنچی ہے، یہ پہلی دفعہ ہوا ہے سندھ کے دوسرے شہریوں کے مد مقابل کراچی کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے، ہماری آبادی میں اضافے کی شرح 27 فیصد ہے، سندھ میں آبادی میں اضافے کی شرح ساڑھے 11 فیصد ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے بس میں ہو تو بچوں کو اسمبلی میں بھیج دیں، یہ وڈیروں جاگیرداروں سے زیادہ درد رکھتے ہیں۔
سینیر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم فاروق ستار نے کہا کہ کراچی چلتا ہے تو اسلام آباد چلتا ہے، کراچی چلتا ہے تو پنڈی بھی چلتا ہے، ان کا بس نہیں چلتا یہ ہوا پر بھی ٹیکس لگا دیں، یہ ون وے ٹریفک اب نہیں چلے گا، جو قرض دیا تھا آبادی کی گمشدگی اب اس کی وصولی کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوقات نہیں ہے آنکھ سے آنکھ ملانے کی بات کر رہا ہے نادان نام مٹانے کی، پندرہ سال کے مصنوعی اقتدار کے خاتمے کا وقت آگیا ہے، میئر کاؤنسل میں بیٹھ کر اجلاس میں فیصلے کرے گا ہم بلدیہ عظمیٰ کی عمارت کے باہر کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری بھائی جب گورنر کے منصب پر آئے تو سوشل میڈیا پر انکے ساتھ کیا ہوا، ہمیں گورنر ٹیسوری بھائی کی دن رات کی محنت کو ماننا چاہیئے، گورنر ہاؤس کے پاس کوئی بجٹ نہیں ہوتا، انہوں نے اپنی جیب سے افطاری کے ساتھ ساتھ دیگر اخراجات اٹھائے، گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کورسز کروائیں جا رہے ہیں، پچاس ہزار طلبہ و طالبات کو فری کورسز کروائے جا رہے ہیں اور 90 فیصد اساتذہ جو پڑھا رہے ہیں ایک فیصد پیسہ نہیں لے رہے۔



















