Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نئی مردم شماری کا مطلب یہ نہیں کہ تمام چیزوں کو اپنے حساب سے رکھ لیا جائے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کا مطلب یہ نہیں کہ تمام چیزوں کو اپنے حساب سے رکھ لیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی ہے، 15 جنوری کو کراچی میں بلدیاتی الیکشن ہوئے تھے، الیکشن کے لیے متعدد بار عدالتوں کے چکر لگائے اور احتجاج بھی کیا گیا تھا، 19 جون کو تمام منتخب لوگوں نے اپنے حلف اٹھائے تھے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ٹرانسیشن افسر تعینات کر دیے گئے ہیں اور لکھ دیا گیا ہے کہ چھ مہینے تک یہ افسران کام کرتے رہیں گے، ابھی تک اختیارات کو منتقل نہیں کیا جا رہا نا ہی بجٹ دیا جا رہا ہے، بجٹ کو بھی کونسل سے پاس کروانا چاہیے تھا، منتخب افراد بھی اپنے اختیارات کو استعمال نہیں کروا سکتے، ابھی تک منتخب افراد ڈی سی کی منظوری کے بغیر کوئی کام نہیں کر سکتے یہ کہاں کی جمہوریت ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اب ہم اس مسئلے کو اٹھا رہے ہیں اور فوری طور پر ٹرانسیشن کے عمل کو فوری ختم کیا جائے، ٹاؤن چیئرمین کے کام کرنے میں تمام مداخلت کو ختم کیا جائے، سندھ حکومت کے افسران کراچی کے مسائل سے آگاہ بھی نہیں ہیں، مجموعی صوبے کی صورتحال جو نظر آتی ہے وہ چیخ چیخ کر کرپشن کی گواہی دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواب شاہ کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں، وہاں لوگوں کو ریسکیو کرنے کا بھی کوئی معقول نظام موجود نہیں تھا، پورے سندھ میں کوئی نظام موجود ہی نہیں ہے، ان تمام باتوں کے باوجود یہ لوگ کہتے ہیں کہ لوگوں نے آپکو ووٹ دیا ہے، یہ لوگ جعلی طریقے سے اقتدار پر قابض ہوئے ہیں، جو لوگ منتخب ہو گئے ہیں انہیں اختیارات فوری طور پر منتقل کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ووٹ نا ملنے کی وجہ سے نیو کراچی نارتھ کراچی سرجانی کے لوگوں کا پانی بند کیا گیا، آج ان لوگوں کو یاد آیا ہے کہ ان علاقوں سے واجبات کی ادائیگی ابھی باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مردم شماری کو پیپلز پارٹی ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں نے اپنے لحاظ سے بنوایا گیا ہے، آبادی بڑھانے کا جو کریڈٹ لے رہے وہ یہ بتائیں کہ کم کس نے کروائی تھی؟ وقت آنے پر تمام آپشن کو استعمال کرنے کا حق حاصل ہے، نئی مردم شماری کا مطلب یہ نہیں ہے کہ تمام چیزوں کو اپنے حساب سے رکھ لیا جائے، آصف زرداری خود کہہ چکے ہیں کہ کراچی کی آبادی تین کروڑ سے زیادہ ہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں