Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ژوب کینٹ کے حملہ آوروں کی شناخت پر تحقیقات جاری ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ژوب کینٹ کے حملہ آوروں کی شناخت پر تحقیقات جاری ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ افغان سفارتخانے کے ساتھ ژوب میں پاک فوج پر حملے کے بارے میں رابطے میں ہے، حملہ آوروں کی شناخت پر تحقیقات جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان متواتر کہتا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کی نظر نہیں کیا جانا چاہیے۔

انکا کہنا ہے کہ کرکٹ ٹیم کو آئندہ آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ 2023ء میں شرکت کے لیے انڈیا بھیجنے کا فیصلہ کیا، پاکستان سمجھتا ہے انڈیا سے دوطرفہ تعلقات کو عالمی کھیلوں کے بارے میں ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا فیصلہ تعمیری اور ذمہ دارانہ رویہ کا عکاس ہے، کھیلوں پر بھی بھارت کا رویہ متعصبانہ ہے، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن خطے کے بہتر مستقبل کا ضامن ہے، دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات تنازعات کے لئے ضروری ہیں، مذاکرات کے لئے بال اب بھارت کی کوٹ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کئی سال سے کھیلوں کو سیاست کی نظر کررہا ہے، بھارت نے ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستان میں شرکت سے معذرت کی، بھارت نے پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری نہیں کیے۔ پاکستان کھیلوں کو سیاست کی نظر نہیں کرتا بلکہ مثبت انداز میں لیتا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے مثبت فیصلہ کیا ہے، امید ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، امید کرتے ہیں کہ پاکستانی شائقین کے لئے ٹکٹ بھی مہیا کیے جائیں گے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے، پاکستان باہمی احترام اور عالمی قوانین کی پاسداری چاہتا ہے، دونوں ممالک کے مابین بامقصد مذاکرات کے لئے بہت ماحول پیدا کرنا ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان روس یوکرین تنازعہ کے پرامن حل چاہتا ہے، اس جنگ سے جڑے مسائل کے حل کے لئے پاکستان کوشاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم اور جبر جاری ہے، بھارت غیر قانونی اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانا چاہتا ہے، پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد میں حمایت جاری رکھے گا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں