شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی جو نوجوانوں پر مشتمل ہے کو عالمی یومِ نوجوانان بہت بہت مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جہاں رب کریم نے بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے وہیں ہماری نوجوان افرای قوت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔
پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی جو نوجوانوں پر مشتمل ہے کو عالمی یومِ نوجوانان (International Youth Day) بہت بہت مبارک ہو. پاکستان کو جہاں رب کریم نے بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے وہیں ہماری نوجوان افرای قوت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے. بد قسمتی سے ماضی میں نوجوانوں کی ترقی کی… pic.twitter.com/vlmhumQiBR
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 12, 2023
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بد قسمتی سے ماضی میں نوجوانوں کی ترقی کی طرف کوئی خاص توجہ نہ دی گئی مگر اللہ کے فضل و کرم سے جب جب عوام نے مجھے اپنے اعتماد سے اپنی خدمت کی ذمہ داری سونپی، میں نے اپنی تمام تر توانائیاں اس کوشش میں صرف کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، یہ ہمارے ملک کے معمار ہیں، نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ 15 ماہ میں ہی میں نے نوجوانوں کیلئے بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات، عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت، لاتعداد وظائف، اینڈاؤمنٹ فنڈز، کھیلوں کی سہولیات، لیپ ٹاپس اور آسان قرض فراہم کیں۔



















