پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی قائداعظم کی سوچ و فکر کی حقیقی وارث ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ آزادی پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست پرامن سیاسی جمہوری جدوجہد کے ذریعے ناممکن کو ممکن بنانے کی علامت ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی اور تمام پاکستانیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ آئیے، ہم سب مل جل کر معاشرے سے نفرت و تقسیم کا خاتمہ کریں، سب مِل جل کر محنت کریں اور پاکستان کو ایسا ملک بنائیں، جس کی جمہوریت اور خوشحالی کی دنیا مثالیں دے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آج قائدِ اعظم اور ان کی قیادت میں پرامن سیاسی جدوجہد اور قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، آج خود سے سوال کرنے کا بھی دن ہے کہ کیا آج کا پاکستان وہ تمام احداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا، جو ہمارے بانی اجداد نے مقرر کیے تھے۔
انکا کہنا ہے کہ پاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق ڈھالنے کے لیے ہمیں ابھی زیادہ محنت اور طویل سفر طے کرنا ہے، ایک مضبوط وفاقی جمہوری ریاست اور رواداری و مساوات پر کھڑے معاشرے کے قیام کے لیے ہمیں ابھی بہت کام کرنا ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائداعظم کی سوچ و فکر کی حقیقی وارث ہے، قائداعظم ایک مثالی جمہوریت پسند اور مذہبی رواداری میں یقین رکھنے والے مدبر لیڈر تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا قوم کو دیا ہوا متفقہ آئین کا تحفہ، قائداعظم کے ریاستِ پاکستان کے متعلق ویژن کا آئینہ دار ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پوری زندگی قائداعظم کے پاکستان کو آمریت سے پاک کرنے اور عوام کے حقوق و آزادیوں کی حفاظت کی جنگ لڑی، انہوں نے اسی لڑائی کے دوران جام شہادت بھی نوش کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے بطور صدرِ مملکت اپنے اختیارات پارلیمان کو منتقل کیئے اور متفقہ این ایف سی ایوارڈ کا تحفہ دیا، انہوں نے مذکورہ اقدام کے ذریعے قائد اعظم کے زریں اصولوں کی پیروی کی۔
چیئرمین کا مزید کہنا ہے کہ قائد اعظم اختیارات میں عدم مرکزیت اور وسائل میں مساوات کے حامی تھے، پیپلز پارٹی آئین و پارلیمان کی بالادستی، معاشی برابری، سماجی انصاف اور قومی اتفاق و اتحاد کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی، پیپلز پارٹی یہ بھی یقینی بنائے گی کہ آزادی کے ثمرات سے کوئی شہری محروم نہ رہ جائے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















