Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیاسی قیادتیں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے متحد ہوجائیں، صدر مملکت

 اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیاسی قیادت اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے متحد ہو جائیں۔

صدر عارف علوی نے آج اسلام آباد کے کنونشن سنیٹر میں منعقدہ مرکزی پرچم کشائی کی تقریب میں قومی پرچم لہرانے کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کا تقاضا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے پیغام پر صحیح معنوں میں عمل کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ اتحاد ہی قوم بناتا ہے، ابھی وقت نہیں گزرا اور پاکستان کے لیے راستہ کھلا ہے، پاکستان چند سالوں میں ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے۔

صدر مملکت نے سیاست دانوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات سے متاثر ہوکر معافی کا راستہ اختیار کریں۔

انہوں نے اسلام کی بنیادی اقدار کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اصولوں سے ہٹنا صورتحال کو مزید خراب کر دے گا۔

اس موقع پر صدر عارف علوی نے ترقی کے لیے اقربا پروری سے آزاد ہونے، میرٹ کریسی کو فروغ دینے اور جامع انصاف بالخصوص سماجی و اقتصادی میدان میں یقینی بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے تعلیم کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہمارے ستائیس ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ متمول طبقے کو آگے آنا چاہیے اور ان کی تعلیم کا انتظام کرنا چاہیے۔

صدر نے اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شرکت پر بہت زور دیا اور کہا کہ وہ آبادی کا تقریباً نصف ہیں اور بلند شرح نمو حاصل کرنے کے لیے ان کی شمولیت اہم ہے۔

صدر مملکت نے پاکستان کے قیام کے لیے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم ان چند رہنماؤں میں سے تھے جنہوں نے دنیا کا نقشہ بدل دیا اور ایک قوم بھی بنائی۔ پاکستان کو مضبوط بنانے کی جدوجہد کو تحریک دینے کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو یاد کرنا ضروری ہے۔

صدر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اور عوام آج بھی قربانیاں دے رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تقریباً ایک لاکھ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، اس لعنت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مغربی ممالک میں اسلام فوبک واقعات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور مسلمان اپنے نبی پاک حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن پاک سے محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب گلوبل وارمنگ جیسے خطرات سے انسانیت خطرے میں ہے، ہمیں نفرت کی بجائے ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔

بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

 انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر توجہ دے اور کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں