صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جان بوجھ کر ملک کے پانچ سال ضائع کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان اور سابق صوبائی وزیر کرنل ہاشم ڈوگر کی ملاقات ہوئی ہے۔
سابق وزیر کرنل ہاشم ڈوگر نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کل باقاعدہ اعلان کریں گے۔
عبدالعلیم خان نے کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کے گھر آمد اور پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں اہم شخصیات کی شمولیت خوش آئند ہے، ملکی معاملات اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، مسائل کا عملی حل دیں گے، ملک کے جان بوجھ کر پانچ سال ضائع کیے گئے، تاخیر کا ازالہ کرنا ہوگا، عام آدمی کو صرف اپنے مسائل سے غرض ہے، بجلی و پیٹرول کا بوجھ کم کریں گے، نوجوان طبقے کو امید دلانا اور عملی اقدامات ہماری پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر نعمان لنگڑیال، عون چوہدری اور چوہدری اخلاق حسین بھی پارٹی صدر عبدالعلیم خان کے ہمراہ تھے۔



















