امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی تباہی عالم اسلام کی تباہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں اسلامی جمعیت طلباء کے زیر اہتمام یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی تباہی عالم اسلام کی تباہی ہے،اس ملک کو اچھی قیادت کی ضرورت ہے، آج پاکستان میں معاشی بدحالی اور افراتفریح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکہ کے ایٹم بم نے نقصان نہیں پہنچایا ہمارے اوپر سانپ، بچھو اور اژدھے مسلط ہیں جو 76 سال سے اس ملک کے عوام کو ڈس رہے ہیں، ہمارا زرمبادلہ جنوبی ایشیاء پر سب سے کم درجے پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ ہم قرضہ لینے جاتے ہیں تو شرم آتی ہے لیکن پھر آئی ایم ایف سے لئے جانے والے قرضے کو اپنا سب سے بڑا کارنامہ بتاتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان ایک تماشا بن گیا ہے، 7 کروڑ باصلاحیت نوجوان بیرزگار ہیں، ہر پانچواں شخص ڈپریشن کا شکار ہے، ہم نے عوام کو صرف یہ دلاسہ دیا کہ لنگر خانے بنائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ موجودہ نگران وزیراعظم مقررہ مدت میں انتخابات کرائیں۔



















