Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگران وزیراعظم کا آتے ہی بڑا فیصلہ

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے اہم امور اور معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں گورنراسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پاور اور چیئرمین ایف بی آر نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت بیرونی سرمایہ بڑھانا ہماری ترجیح ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، معیشت کی بہتری کیلئے ڈی ریگولیشن اورخود مختاری پرتوجہ مرکوز رکھیں گے، ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت محدود مدت میں تمام تر توانائیاں معیشت کی اصلاح پر صرف کرے گی، پاورسیکٹر میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کیا جائے۔

اس سے پہلے نگران وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، جس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے بہترین انفراسٹرکچر کلیدی حیثیت رکھتا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ملک میں سڑکوں کی تعمیر و نگرانی کے حوالے سے بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے ایسے حصوں میں روڈ انفراسٹرکچر کو ترجیحی بنیادوں پر بنانے کی ضرورت ہے جہاں بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے۔بلوچستان میں روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ ناگزیر ہے۔

نگران وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ کراچی تا چمن شاہراہ کی ازسر نو تعمیر پر کام شروع کیا جائے اور کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے آؤٹ آف دی باکس اپروچ برؤے کار لائی جائے، بلوچستان کی دوسرے صوبوں سے رابطہ سڑکوں کو بہتر کیا جائے۔

 اجلاس میں انوارالحق کاکڑکو بتایا گیا کہ پنجرا پُل جو گزشتہ برس سیلاب سے تباہ ہوگیا تھا اس کی تعمیرنوپرکام آئندہ ماہ سے شروع کر دیا جائے گا،نئے پُل کی تعمیر کیلئے مدت کا تخمینہ نو ماہ لگایا گیا ہے، وزیر اعظم نے پُل کی تعمیر کیلئے درکار وقت میں کمی لانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجرا پُل کی تعمیر کے ساتھ ساتھ کوئٹہ دھادر روڈ اور دھادر جیکب آباد روڈ کی ازسرنوتعمیروبحالی بھی کی جائے گی جس سے نہ صرف وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ ٹریفک کا رش بھی کم ہوگا۔

اس کے علاوہ اجلاس کے شرکاکو سوار پُل پرجاری مرمتی کام سے بھی آگاہ کیا گیا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں