آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آئی ایس پی آر سالانہ انٹرنشپ پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ سانحہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، جڑانوالہ جیسے واقعات، اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے سانحہ جڑانوالہ کو انتہائی افسوسناک اور قطعی ناقابل قبول قرار دیا۔
جڑانوالہ سانحہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، جڑانوالہ جیسے واقعات، اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں- آرمی چیف جنرل عاصم منیر #BOLNews #ArmyChief pic.twitter.com/LVX3MfiPmO
— BOL Network (@BOLNETWORK) August 17, 2023
آرمی چیف نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوان پاکستان کے امن،ترقی اور خوشحالی کے لئے زبردست کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کے عوام میں عدم برداشت، بد اعتمادی اور پر تشدد روئیے کو فروغ دینا چاہتی ہیں، نوجوان نسل کے لئے ضروری ہے کہ وہ سچ،نیم سچ،جھوٹ،مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن میں تفریق کرے۔
سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی طبقے کی جانب سے کسی کے بھی خلاف بالخصوص اقلیتوں کے خلاف ایسے روئیے کی گنجائش نہیں، پاکستان کے تمام شہری برابر ہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ مذہب، جنس اور ذات پات سے قطع نظر پاکستان کے تمام شہری مساوی ہیں، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایسے جرائم کے مرتکب عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
کامیابی سے انٹرن شپ پروگرام مکمل کرنے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شرکا کو مبارکباد بھی دی۔
واضح رہے کہ انٹرن شپ پروگرام میں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیز کے 370 سے زیادہ طالب علم شریک ہوئے ہیں۔



















