Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کونسل اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کونسل اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل سے متعلق اجلاس ہوا جس میں نگران وزیرِاعظم کو بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے کونسل کے قیام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس میں نگراں وزیرِ اعظم کو کونسل کے تحت “ہول آف دی گورنمنٹ” حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی جبکہ نگران وزیراعظم کو زراعت، کان کنی و معدنیات، آئی ٹی، توانائی اور دفاعی پیداوار میں بیرونی سرمایہ کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاروں کو منصوبوں کیلئے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بین الاقوامی معیار کا انفراسٹرکچر کلیدی اہمیت رکھتا ہے، کونسل کی چھتری تلے ان شعبوں کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں بھی بیرونی سرمایہ کاری کی بے شمار استعداد ہے، ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کونسل اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔

انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ توانائی شعبے کی بہتری کیلئے ریگیو لیٹری اسٹرکچر کو ہم عصر بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، نگران حکومت ایس آئی ایف سی کے فورم کا بھرپور استعمال یقینی بنائے گی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ کونسل پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ایک امید کی کرن ہے، نگران حکومت اپنے مختصر دور میں تمام تر توانائیاں معیشت کے استحکام اور ترقی پر صرف کرے گی۔

اجلاس میں سیکرٹری عملدرآمد جہانزیب خان اور جمیل احمد قریشی سیکرٹری ایس آئی ایف سی نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں