متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل کراچی میں انتقال کرگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ کنور نوید جمیل کئی ماہ سے ہائی بلڈ پریشر کے باعث برین ہیمرج کا شکار ہوگئے تھے اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید کے انتقال پر کنوینر خالد مقبول صدیقی نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ کنور نوید تحریک کا نادر اثاثہ اور سینئر رہنما تھے، ایم کیو ایم اور ملک کے لئے کنور نوید کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن مرحوم کے سوگواران کے غم میں شریک ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سابق رکن صوبائی اسمبلی کنور نوید جمیل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کنور نوید جمیل انتہائی منجھے ہوئے سیاستدان تھے، اسمبلی میں عوامی مسائل کی نشاندھی میں وہ ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے، بطور ضلع ناظم حیدرآباد بھی انہوں نے نمایاں خدمات انجام دیں، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا ایک طویل عرصہ تک پر نہیں ہوسکے گا۔
کامران خان ٹیسوری نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔



















