ائیر چیف مارشل ظہیر الدین بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ائیر چیف مارشل ظہیر الدین بابر سدھو سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں بین الاقوامی سیاسی صورتحال اور اس کے نتیجے میں نئے ابھرنے والے علاقائی سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہء خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ائیر چیف اور امریکی سفیر کی ہونے والی ملاقات میں ہوابازی اور دفاعی شعبہء جات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں تربیتی شعبے کی بہتری اور آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز رہی،دونوں جانب سے پاک-امریکہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں ائیر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ پاکستان اور امریکہ کے مابین ہم آہنگی اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیئے پر عزم ہے،پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم معاملات میں باہمی اتفاق رائے پر قائم ہیں۔
امریکی سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی نمایاں پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے موجودہ قیادت کے زیر سایہ خود انحصاری کے میدان میں کی گئی شاندار پیش رفت قابلِ تحسین ہے۔
ڈونلڈ بلوم نے پاک فضائیہ کے تربیتی شعبے کو مزید تقویت دینے کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ تربیتی شعبے کوبہتر بنا کر پاک فضائیہ کے اہلکاروں کو اعلیٰ اور معیاری تربیت کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نےعلاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔



















