نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مذہبی انتہا پسندی کی گنجائش نہیں، اسے قانون کے دائرے میں رہ کر کنٹرول کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے کابینہ کے نظام کار پر بریفنگ پیش کی۔
نگران وزیر اعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت کا مینڈیٹ صاف اور شفاف انتخابات کروانا ہے، ۹ مئی کے واقعات سے مایوسی ہوئی، قدامت پسند رجحانات کی حوصلہ شکنی کرنی ہو گی، ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والےعناصرکے ساتھ نہیں۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بسنے والی قومیتوں کا تحفظ کرنا ہو گا، پاکستان میں تمام مذاہب کے حقوق اور عقائد برابر کے ہیں، معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین اقدامات کریںگے، آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دیں گے، ہمیں الفاظ سے نہیں عمل سے خود کو منوانا ہے، پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یقینی بنایا جائے گا قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو، وفاقی کابینہ کو ملک کو درپیش مسائل کا ادراک ہے، میرے ساتھ ایک تجربہ کار اور بہترین ٹیم ہے، یقین ہے اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کریں گے، ملکی اور غیر ملکی سطح پر کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا، ملک بھر خصوصاً بلوچستان میں بہترین معدنی وسائل ہیں، پاکستان زرعی ملک اور قدرتی وسائل سے مالامال ہے۔
کابینہ اجلاس میں تمام نگران وفاقی وزراء، مشیر، وزیراعظم کے معاونین خصوصی، وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، وزیر خزانہ شمشاد اختر، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف، وزیر دفاع انور علی حیدر، وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی، وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان، وزیر قانون احمد عرفان، وزیر تجارت و صنعت گوہر اعجاز، وزیر تعلیم مدد علی سندھی، وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ، نگران وفاقی وزرا جمال شاہ، خلیل جارج، انیق احمد، محمد علی، سمیع سعید، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، فرحت حسین اور وقار مسعود شامل تھے۔
اجلاس میں معاونین خصوصی جواد سہراب ملک، راؤ افتخار، مشعال حسین ملک اور وصی شاہ نے بھی شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















