نگران وزیراعظم نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی پہلی ترجیح ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں تمام وفاقی وزراء اور مشیروں نے شرکت کی جبکہ کابینہ اجلاس میں چار معاونین خصوصی نے بھی شرکت کی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، بیرونی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے پلیٹ فارم سے مقررہ مدت میں پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے۔
نگران وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سطح پر کئے گئے وعدوں کو پورا کریں گے،کشمیر ایک دیرینہ تنازعہ ہے اور اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ نہیں ہے، اکثریت کو اقلیت کا خیال رکھنا ہوگا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی پہلی ترجیح ہوگی، غیر جانبدار آزادانہ اور شفاف الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کومکمل تعاون فراہم کریں گے اور عام انتخابات میں سب سے پہلے ووٹ دینے خود نکلوں گا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے معاشی بحالی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔
اقتصادی بحالی کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے جبکہ خزانہ، صنعت وپیداوار، اقتصادی امور دیگر وزرا کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔



















