نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ پر امن ماحول میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد نگران حکومتوں کی اولین زمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت امن امان کی صورتحال کا جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ آئینی تقاضے کے عین مطابق وفاق اور صوبوں میں نگران حکومتیں قائم ہو گئی ہیں، پر امن ماحول میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد نگران حکومتوں کی اولین زمہ داری ہے، پولیس لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے انتخابات کے لیۓ پر امن ماحول کا قیام یقینی بنائیں، سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیۓ قانون نافذ کرنے والے ادارے مستعد متحرک اور فعال کردار ادا کریں۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ قانون نافذ کر نے والے اداروں کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن اور معلومات کے تبادلے کا موثر نظام قائم کیا جاۓ، پولیس اور لیویز دہشت گردی کے ساتھ ساتھ عمومی جرائم کے خاتمے کے ذریعہ عوام میں احساس تحفظ پیدا کریں، قومی شاہراہوں کی سیکیورٹی میں اضافہ کر کے مسافروں کو تحفظ فراہم کیا جاۓ، جیل اصلاحاتی عمل پر تیز رفتاری سے کام کرتے ہوۓ حتمی شکل دی جائے، بلوچستان کے عوام محب وطن اور اپنے اداروں کا احترام کرنے والے لوگ والے ہیں، اپنے مینڈیٹ کے مطابق بلوچستان میں انتخابات کے انعقاد کے لیۓ پر امن اور سازگار ماحول کا قیام یقینی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، پولیس اور لیویز کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، پاک فوج پولیس لیویز اور ایف سی کی قربانیوں سے امن قائم ہوا ہے، امن کے لیۓ دی جانے والی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پولیس اور لیویز فورس کی مکمل سرپرستی کرتے ہوۓ انکی ضروریات پوری کی جائینگی، سیکیورٹی اداروں کے انتظامی امور میں میرٹ یقینی بنائیں گے اور کوئی غیر ضروری دباؤ نہیں آنے دینگے۔
چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس، ڈی آئی جی ایف سی ڈی، آئی جی پولیس، ڈی جی لیویز، ڈویژنل کمشنرز، ریجنل پولیس افسران اور انٹیلجنس اداروں کے حکام نے اس اجلاس میں شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















