Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ دستخط کے معاملے پر ازخود نوٹس لیکر فیصلے کرے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ دستخط کے معاملے پر ازخود نوٹس لیکر فیصلے کرے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین کے پچاس سال ہو گئے لیکن ایک دن کے لئے بھی آئین نافذ نہیں ہوا، اگر آئین نافذ ہو جائے تو چند خاندانوں کے بجائے قانون کی حکومت قائم ہو گی، پاکستان کی ترقی آئین کے بغیر ممکن نہیں، عوام کے لئے کبھی آئین پر عمل نہیں ہوا۔

سراج الحق نے کہا کہ ایک کنفیوژن ہے اسمبلی اور حکومت نے مدت پوری کی تو آئین کا تقاضا ہے نوے روز میں الیکشن کا اعلان ہو، 224 آرٹیکل کہتا ہے نوے روز میں الیکشن ہوں لیکن کچھ دفعات کا سہارا لے کر الیکشن کا اعلان نہیں کیا گیا، الیکشن کمیشن الیکشن کی تاریخ نہ دے کر آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، حلقہ بندیاں بھی ناگزیر ہیں لیکن پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی نے سی سی آئی کا اجلاس بروقت کیوں نہیں بلایا۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے الیکشن کو ملتوی یا موخر کرنے کی سازش کی، رضا ربانی نے سینیٹ میں کہا الیکشن ہوں لیکن سی سی آئی میں وہی موقف نہ اپنایا، الیکشن کمیشن نے اب بھی  الیکشن کے لئے نا ضابطہ اعلان کیوں نہیں کیا؟ پہلے بھی پنجاب کے پی میں الیکشن کمیشن نے بروقت الیکشن کا اعلان نہیں کیا، الیکشن کمیشن کا خیال ہے کہ جو دو صوبوں سے کیا اب وہ ملک بھر میں بھی ویسے کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا رویہ مایوس کن ہے، تاخیر کی حربے عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں، الیکشن کمیشن اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور فوری الیکشن کا اعلان کرے، نگران حکومت اچھل کود کے بجائے شفاف الیکشن کروائے، قانون کی بالادستی کے لئے ناگزیر ہے تمام ادارے نیوٹرل ہوں آئین پر عمل کیا جائے، ہمارا خیال تھا نگران حکومت کے بعد عوام کو کچھ ریلیف ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حیران کن حد تک ایک ہفتے میں 78 فیصد مہنگائی میں مزید اضافہ ہوا ہے، 72 فیصد بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوا، یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈی ختم کر کے چیزیں مہنگی کر دی گئی ہیں، ہمیں یہ بتایا جائے ہم پاکستان کے شہری ہیں یا آئی ایم ایف کے غلام ہیں؟ اگر آئی ایم ایف کے غلام ہیں تو ان سے بات کر لیں ہمارے پاس جان دینے کے علاوہ کوئی چیز نہیں ہے، ہر چیز پر ٹیکسز پر ٹیکسز لگا دیے گئے ہیں راتوں رات ایک لیٹر کی قیمت میں 20 روپے اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، سننے کو ملتا آئی ایم ایف کا آرڈر ہے مہنگائی کر دو، مسائل کا حل عوام کے پاس ہے جو ووٹ سے اہل قیادت کا انتخاب کرے۔

 

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں