آرمی ترمیمی ایکٹ 2023 اور آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ 2023 باقاعدہ قانون بن چکے ہیں جن کے گیزٹ نوٹیفیکیشنز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان آرمی ترمیمی ایکٹ 2023 اور آفیشل سیکرٹ ترمیمی ایکٹ 2023 کے قانون بننے کا گزٹ نوٹیفیکیشن 18 اگست کو جاری کیا گیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے دونوں بلوں کے گزیٹڈ نوٹی فکیشن جاری کیے جس کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ نے بھی ان کے گزیٹڈ نوٹی فکیشن جاری کردیے، دونوں بل اب ایکٹ بن چکے ہیں اور ان میں موجود شقوں کا نفاذ ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ صدر مملکت عارف علوی نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد دونوں بلز قوانین بن گئے ہیں لیکن آج صدر مملکت عارف علوی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کی تردید کی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صدر عارف علوی نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل سے متعلق بتایا کہ میں ان قوانین سے متفق نہیں تھا، اللّٰہ گواہ ہے، میں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط نہیں کیے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے عملے سے کہا کہ وہ بغیر دستخط شدہ بلوں کو مقررہ وقت کے اندر واپس کر دیں تاکہ انہیں غیر مؤثر بنایا جا سکے۔
صدر مملکت نے کہا کہ میں نے ان سے کئی بار تصدیق کی کہ آیا وہ واپس آچکے ہیں، تاہم مجھے آج پتہ چلا ہے کہ میرے عملے نے میری مرضی اور حکم کی خلاف ورزی کی۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ جیسا کہ اللہ سب جانتا ہے اور وہ معاف کر دے گا، میں ان لوگوں سے معافی مانگتا ہوں جو اثر انداز ہوں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















