مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور شہباز شریف کی زیر صدارت لندن میں بڑی بیٹھک کی تیاریاں جاری ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک رواں ہفتے کسی بھی وقت لندن میں متوقع ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی بیٹھک میں پاکستان سے ویڈیو لنک پر موجود قیادت شریک ہوگی جس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور ملکی سیاست کے مستقبل پر غور کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سینئر لیگی قیادت نواز شریف کی ممکنہ وطن واپسی کے معاملے پر حکمت عملی کی جزئیات طے کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے مسلم لیگ نون کی انتخابی مہم کے معاملات زیر بحث آئیں گے جبکہ مسلم لیگ ن کا آئندہ بیانیہ کیا ہوگا، اس پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہباز شریف مسلم لیگ ن کے ممکنہ امیدواروں کی فہرست اجلاس میں پیش کریں گے، پارٹی کی سینئر قیادت ممکنہ لیگی امیدواروں کے ناموں پر غور کرے گی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں قومی اور صوبائی 20 یا 22 حلقوں میں مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔
اجلاس میں ملک بھر سے قومی و صوبائی 20 یا 22 حلقوں میں مقامی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا جبکہ اجلاس میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کے متمنی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے ناموں پر بھی غور کیا جائے گا۔
ان سیاسی رہنماؤں کی مسلم لیگ ن میں ممکنہ شمولیت انتخابی مہم کے دوران نواز شریف کی موجودگی میں کی جائے گی، بڑی بیٹھک میں نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کے حوالے سے بھی معاملات زیر بحث ہوں گے۔



















