Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، صدر مملکت

صدرِ مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت  ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں صدر مملکت نے سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ معیشت، سرمایہ کاری اور ثقافت  کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان – سعودی عرب تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور عوامی تعلقات پر مبنی ہیں، پاکستان میں آئی ٹی، قابل تجدید توانائی  سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

عارف علوی نے موجودہ اقتصادی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

 صدرِ مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے اس سال حج کے بہترین انتظامات کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سعودی حکومت مدینہ میں منہدم ہونے والے دو پاکستان ہاؤسز کی رقم سے مرکز میں پاکستان ہاؤس کی خریداری میں تیزی لائے گی۔

 ڈاکٹر عارف علوی نے او آئی سی کے ذریعے اہم مسلم مسائل بالخصوص تنازعہ جموں و کشمیر ، فلسطین اور افغانستان پر مستقل حمایت پر سعودی عرب اور اس کی قیادت کی تعریف کی اور ایران کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا میں سعودی ولی عہد کی قیادت قابل تعریف ہے۔

ملاقات میں سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات بہت مضبوط ہیں، دونوں برادر ممالک کے باہمی فائدے کیلئے تعلقات مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، سعودی عرب عازمین کو حج اور عمرہ کیلئے اچھی سہولیات فراہم کرتا رہے گا۔

اس موقع پر صدرِ مملکت  ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی بادشاہ اور ولی عہد اور وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچانے کا بھی کہا اور پاکستان کی مسلسل حمایت اور مالی امداد پر بھی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں