Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بٹگرام چیئرلفٹ میں پھنسے تمام بچوں کو با حفاظت نکال لیا گیا؛ وزیراعظم کا اظہار تشکر

بٹگرام چیئرلفٹ میں پھنسے تمام بچوں کو با حفاظت نکال لیا گیا ہے جس پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اظہار تشکر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ الحمدللہ تمام بچوں کو کامیابی سے اور بحفاظت نکال لیا گیا ہے، فوج، ریسکیو محکموں، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کا زبردست ٹیم ورک ہے۔

نگراں وزیراعظم  انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے کہ اللہ مجھے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔

 نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے بٹگرام میں چیئرلفٹ سے تمام 8 افراد کے با حفاظت ریسکیو پر اظہار تشکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشن میں شریک پاک فوج، پاک فضائیہ، ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انوار الحق کاکڑ نے ریسکیو آپریشن میں شریک مقامی و دوسرے علاقوں سے ہنگامی بنیادوں پر آئے رضاکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ریسکیو میں شامل افسران، اہلکاروں اور رضاکاروں نے 8 قیمتی جانوں کے ساتھ ساتھ آٹھ گھرانوں کی زندگی بچائی، مشکل آپریشن کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے مکمل کرکے آپریشن میں شریک اہلکاروں، افسران اور رضا کاروں نے کئی ماؤں کی گود اجڑنے سے بچائی، ریسکیو آپریشن میں شریک تمام افراد قوم کے ہیرو ہیں۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر آج صبح چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں گورنمنٹ ہائی اسکول بٹنگی پاشتو کے 6 طلباء سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے تھے جنہیں کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد با حفاظت نکال لیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں