Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بٹگرام چیئرلفٹ ریسکیو آپریشن مکمل، تمام 8 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا

افواجِ پاکستان کی جانب سے بٹگرام چیئرلفٹ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے جب کہ چیئرلفٹ میں پھنسے تمام 8 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کا بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ریسکیو آپریشن کامیاب ہوگیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی او سی ایس ایس جی نے اس ریسکیو آپریشن کی قیادت کی اور پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم نے 600 فٹ بلندی پر چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرلفٹ میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر آرمی ایوی ایشن اور ایس ایس جی کی باصلاحیت ٹیم نے ریسکیو آپریشن کا تیزی سے آغاز کیا۔ بعد ازاں پاک فوج کی اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم اور پاکستان ایئر فورس کا ہیلی کاپٹر بھی آپریشن کا حصہ بنا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم کو آرمی ایوی ایشن نے مکمل تکنیکی مدد فراہم کی جس کے باعث آپریشن کی کامیابی ممکن ہوسکی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ آپریشن کے دوران پاک فوج اور پاک فضائیہ  کے پائلٹس نے بے مثال مہارت اورکارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں لوکل کیبل ایکسپرٹ کی بھی خدمات حاصل کی گئیں جب کہ اس آپریشن میں سول انتظامیہ اور لوکلز نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ ایک انتہائی مشکل اور کھٹن آپریشن تھا، پاک فوج اور پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی آپریشن کا آغاز کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم اور پاک فضائیہ نے لوکل انتظامیہ، اور کیبل ایکسپرٹس کی مدد سے پاکستانی تاریخ کے اس منفردآپریشن کو سرانجام دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں عوام کی آواز پر لبیک کہا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور انشااللہ کھڑی رہے گی۔

 

حالات حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں