Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی کا 90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 90 روز کی آئینی مدت میں انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس ہوا جس میں اٹک جیل میں چیئرمین تحریک انصاف کو قانون کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے قیدِ تنہائی میں رکھنے کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس میں قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں بنیادی سہولیات کی بدستور عدم دستیابی بھی ظلم و سفاکیّت قرار دی گئی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سپریم کورٹ میں آج کی سماعت اور عدالتِ عظمیٰ کی آبزرویشنز خوش آئند قرار دی گئیں۔

پی ٹی آئی کے کور کمیٹی کے اجلاس میں عدالت سے سزا یافتہ مجرمہ مریم نواز کی سرکردگی میں چیف جسٹس آف پاکستان سمیت ساتھی ججز کیخلاف شرانگیز پراپیگنڈہ مہم، دھونس اور غنڈہ گردی کے ذریعے عدالتی فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی شرمناک کوشش قرار دی گئی۔

اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے 90 روز کی آئینی مدت کے اندر انتخابات کے انعقاد کا بھی پرزور مطالبہ کیا اور چیف الیکشن کمشنر پر آئین کی حدود سے تجاوز کی روش ترک کرنے اور انتخابات کے 90 روز کی دستوری مدت میں انعقاد کیلئے تیاریاں تیز کرنے کیلئے زور دیا گیا۔

پی ٹی آئی کے کور کمیٹی کے اجلاس میں صدرِمملکت کی بذریعہ خط چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مشاورت کی دعوت خوش آئند قرار دی گئی۔

اجلاس میں بدترین معاشی تباہی اور اس سے نہایت تیزی سے پھیلتی غربت کا بھی مفصل جائزہ لیا گیا اور بجلی، گیس اور خوراک سمیت بنیادی اشیائے ضروریہ پر عوام کی تیزی سے ختم ہوتی دسترس پر حکومتی بےعملی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔

پی ٹی آئی کے کور کمیٹی کے اجلاس میں کور کمیٹی کی جانب سے تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر سینیٹر عون عباس بپّی کے اغواء کی بھی شدید مذمت اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان میں ”حقیقی آزادی اور اصلی جمہوریت“ کے حصول کے ہدف سے کسی صورت پسپائی اختیار نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے کور کمیٹی کے اجلاس میں تمام تر مصائب و مشکلات کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کی بلند پایہ، باہمّت اور اولوالعزم قیادت میں حقیقی آزادی اور اصلی جمہوریت کی تحریک آگے بڑھانے پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں ریاست کے بدترین جبر اور وحشت کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کیطرح کھڑے ہونے اور قید و بند، انتقام و تضحیک اور ظلم و تشدد کے سامنے ہتھیار نہ ڈالنے پر خصوصاً دلیر خواتین کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بلند حوصلوں کو توڑنے کیلئے جیل میں ظلم و ستم کی سیاہ تاریخ رقم کی جارہی ہے، اللہ کی مدد اور نصرت سے چیئرمین تحریک انصاف کے حوصلے نہایت بلند ہیں اور وہ حقیقی آزادی و اصلی جمہوریت کے ہدف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہیں ہیں، ظلم و بربریت کی تاریک رات جلد ختم ہونے کو ہے، پاکستان عمران خان کی قیادت میں اپنی اصل راہ پر گامزن ہوگا، مکمل اتحاد، یگانگت اور یکسوئی سے چیئرمین پی ٹی آئی کی قیادت میں اپنی تحریک آگے بڑھائیں گے اور ملک کو قائد و اقبال کے پاکستان کی صورت میں ڈھالیں گے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں