مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سی این این انٹرنیشنل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئر لفٹ واقعہ خیبر پختونخوا کے دور افتادہ علاقے بٹگرام میں پیش آیا، واقعہ کے تمام متاثرین کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا، ریسکیو کی کوششوں میں کافی مشکلات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو جب واقعہ کی اطلاع ملی تو اس نے صوبائی اور وفاقی اتھارٹیز سے رابطہ کیا، آرمی ایوی ایشن، پاکستان ایئر فورس، پاکستان آرمی کے اسپیشل سروس گروپ کے جوانوں اور جنرل آفیسر کمانڈنگ نے ریسکیو آپریشن کو کامیاب بنایا۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے تمام چیئر لفٹس کے تفصیلی معائنہ کے احکامات جاری کر دیئے ہیں، علاقے میں تمام چیئر لفٹس کا معائنہ کیا جا رہا ہے اور یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ علاقے ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ہیں، 2005ءکے زلزلہ اور 2010ءکے سیلاب سے شدید متاثر ہوا، آپ سمجھ سکتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی نے کس طرح اس علاقے کو متاثر کیا، یہاں انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا تھا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان آئینی ادارہ ہے جو الیکشن کرانے کا ذمہ دار ہے، الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کے لئے کم از کم چار ماہ درکار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتوں کو 54 دن انتخابی مہم کے لئے بھی فراہم کرنا ہوتے ہیں، الیکشن میں معمولی تاخیر ہو سکتی ہے، ہماری حکومت نے ایک ہفتہ قبل ہی چارج سنبھالا ہے، ہم نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے ہی اپنا ٹائم ٹیبل جاری کر دیا ہے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا اور اس میں نگران حکومت کا کوئی کردار نہیں۔



















