اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے تاریخ پر مشاورت کا آغاز کردیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن میں انتخابی شیڈول پر مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک میں عام انتخابات فروری کے دوسرے ہفتے میں کراۓ جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ انتخابی شیڈول 14 دسمبر کے بعد جاری کیا جائے گا، تاہم حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے 54 دن میں انتخابی شیڈول سمیت عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل ن لیگی وفد نے چیف الیکشن کمشنر وممبران سے ملاقات کی جس کے بعد سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے لیگی رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سے کہا ہےنئے ووٹرز کا اندراج کیا جائے، الیکشن کے دوران مؤثر مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی، الیکشن کمیشن سے الیکشن کی شفافیت پر بھی بات کی اورالیکشن کمیشن نےتجاویز پرعمل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو آئین پر عمل پیرا ہونا چاہیے، تمام جماعتوں کو مردم شماری کا علم تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج ن لیگ کا وفد ای سی پی کی دعوت پر آیا اور تجاویز پیش کیں۔ الیکشن کمیشن سے حلقہ بندیوں کے عمل کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے، 54 روز میں الیکشن کا شیڈول تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ حلقہ بندیاں اگر 14 دسمبر کو مکمل ہوتی ہیں تو 54 روز کا مزید الیکشن شیڈول ہوگا۔ حلقہ بندیوں کا کام دس سے پندرہ روز میں مکمل ہوسکتا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے الیکشن کے دوران پرتشدد تقاریر پر پابندی ہو، چیف الیکشن کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن بروقت اور شفافیت کے لئے تیار ہے۔ ملکی معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لئے نئی منتخب حکومت کا قیام ناگزیرہے۔ حلقہ بندیوں کے بعد دورانیہ تھوڑا طویل ہوگیا ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔



















