امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایسا انقلاب نہیں چاہتے جس میں ظلم اور زیادتی ہو۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مہنگائی اور ظلم کے خلاف لوگ سڑکوں پرآ رہے ہیں، حکمرانوں کے بیرون ملک اثاثے ہیں جبکہ غریب عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں حکمرانوں سے کہتا ہوں بجلی کے بل کم اور اپنی عیاشیاں ختم کریں، حکمران طبقے میں وہی لوگ ہیں جو چھیتر سال سے برسراقتدارہیں، حکمرانوں کونظر آنا چاہیے کہ اب مزید ظلم نہیں چلے گا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا کہ ایسا انقلاب نہیں چاہتے جس میں ظلم و زیادتی ہو، پانچ سوارب روپے کی چوری اور مفت بجلی سے خاص لوگ استفادہ کررہے ہیں، آئی ایم ایف سیاسی بالادستی کا ادارہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ فیصد طبقہ 28 فیصد زرعی زمین پر قابض ہے، کچھ زمینداروں نے انگریزوں کی غلامی کی، زراعت کے پورے سال کا ٹیکس 4 ارب ہے، سیلری طبقے سے ہزاروں ارب ٹیکس کاٹا جاتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ظالمانہ ٹیکس قبول نہیں کرتے، بیوروکریٹس، ججز اور طاقتور لوگوں پر ٹیکس لگائیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم گورنرہاؤس پردھرنا دیں گے تاکہ انہیں معلوم ہو کہ عوام کے کیا حالات ہیں جبکہ 6 ستمبر کو پہیہ جام ہڑتال کریں گے اور احتجاج سے حکمران پر اتنا دباؤ بڑھائیں گے کہ بلوں کی قیمتیں کم کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔



















