Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت خواتین کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، خلیل جارج

خلیل جارج نے کہا ہے کہ حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور خواتین کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے جنرل ہسپتال لاہور میں تشدد کی شکار بچی رضوانہ کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی وسائل اور اس کے مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں ۔ انسانی حقوق کے تحفظ اور پر تشدد واقعات کی روک تھام ،قانون کی حکمرانی اور معاشی انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

خلیل جارج نے کہا کہ تشدد سے پاک معاشرے کی تشکیل اور بچوں سے بدسلوکی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور خواتین کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نگران حکومت بچوں کی ترقی ،تعلیم ، صحت کی دیکھ بھال ، ان کے وقار اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت معاشرے میں انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، بحیثیت شہری ہم تمام لوگوں کا بھی فرض ہے کہ جہاں کہیں بھی اس طرح کا ظلم ہو رہا ہو تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کریں تاکہ معاشرے سے ان ناانصافیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

خلیل جارج کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزرات انسانی حقوق کا دائرہ کار بہت وسیع ہے، 18 ویں ترمیم کے بعدکئی اختیارات صوبوں کو منتقل ہو چکے ہیں ، میری کوشش ہے کہ اپنے قلیل دورانیہ میں انسانوں کو ان کے حقوق دلانے کیلئے جدوجہد کروں ،مختصر سے عرصے میں جو کچھ مجھ سے بن سکامیں ضرور کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ تشددکا شکار بچی کے خاندان کو پیسے کا لالچ دے کر دباؤ میں لا کر معاملہ کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، ایسی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ، حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے۔

خلیل جارج نے یہ بھی کہا کہ رضوانہ کے والدین غریب ضرور ہیں لیکن غیور لوگ ہیں، پیسہ ان کے انصاف میں آڑے نہیں آسکتا ، میں انکے اندر ایک ایسا جذبہ دیکھ رہا ہو ں کہ وہ انصاف چاہتے ہیں، بچی کے خاندان کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

نگراں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے مزید کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے، جو جرم کرے گا اس کو ہر صورت قانون کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں