Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

‎ نواز شریف ہی عوام کو مہنگائی سے بچائیں گے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف ہی عوام کو مہنگائی سے بچائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے پارٹی کے پنجاب ویمن یوتھ ونگ کی رہنماﺅں اور عہدیداروں کی ملاقات ہوئی ہے۔

‎پنجاب کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے خواتین رہنماﺅں اور عہدیداروں کے وفود نے مریم نوازشریف سے الگ الگ ملاقات کی ہے۔

‎ملاقاتوں میں پارٹی کے خواتین یوتھ ونگ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

‎شعبہ خواتین کی عہدیداروں نے اپنے اپنے اضلاع میں پارٹی سرگرمیوں اور تنظیم کی کاکردگی سے متعلق مریم نوازشریف کو آگاہ کیا۔

‎مریم نوازشریف نے ویمن یوتھ ونگ کی عہدیداروں اور کارکنان کے جذبے کو سراہا، 4 گھنٹے مسلسل جاری رہنے والے اجلاس میں انٹرویوز کئے گئے اور خواتین کو مستقبل کے لئے گائیڈ لائنز دی گئی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے جب اپنی جماعت میں خواتین کو اپنے شانہ بشانہ کھڑا دیکھتی ہوں، میری خواہش ہے کہ آئندہ الیکشن میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو زیادہ سے زیادہ پارٹی ٹکٹ دیے جائیں کیونکہ قوم کا مستقبل یہی لڑکے اور لڑکیاں ہیں یہی پاکستان کو حقیقی معنوں میں مضبوط ملک بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان لڑکیوں کی مسلم لیگ(ن)کے پلیٹ فارم سے فرنٹ فٹ پر آنا حوصلہ افزا بات ہے، تعلیمی اداروں کی طالبات مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ کو ہی پسند کرتی ہے جو خوش آئند ہے، نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ن لیگ اور نواز شریف کے جانثار ہیں،‎مسلم لیگ(ن) کی لیڈرشپ نے ہمیشہ نوجوانوں کو با اختیار بنایا ہے،‎ اس کی سب سے بڑی مثال نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور باعزت روزگار کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایم ایس ایف کو فعال قوت میں بدل دیا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک میں سب سے بڑی یوتھ اور خواتین کی جماعت بن چکی ہے، خواتین اور نوجوان ملک کی فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کریں گے، 16 ماہ‎ماہ میں جس طرح پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب عوام کو مہنگائی سے بچائیں گے۔

   مریم نواز نے کہا کہ دُکھ ہے کہ عوام کو مہنگائی، بجلی کے بل میں اضافے جیسی مشکلات کا سامنا ہے، نواز شریف نے عوام کو مہنگائی، دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی تھی، نوازشریف ہی ایک بار پھر عوام کو مہنگائی، بجلی کے بلوں میں اضافے سے بچائیں گے، نوازشریف کی دی ہوئی ترقی کا عمل نہ روکا جاتا تو آج غریب عوام کی آنکھوں میں آنسو نہ ہوتے،‎وزیراعظم نوازشریف ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے۔

اس موقع پر ویمن یوتھ ونگ کی عہدیداروں نے مریم نوازشریف کی قیادت میں پارٹی سرگرمیوں میں تیزی پر خراج تحسین پیش کیا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں